
شین ژو 24 تیانگونگ کا عملہ خلائی سٹیشن میں داخل
پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی نے 2 چینی خلا بازوں کے ہمراہ چین کے خلائی سٹیشن میں داخل ہو کر بین الاقوامی خلائی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز کر دیا ہے۔
چین کا شینژو 24 خلائی جہاز تقریباً ساڑھے 3 گھنٹے کے سفر کے بعد کامیابی سے تیانگونگ خلائی سٹیشن سے منسلک ہوگیا ہے۔
بعد ازاں شینژو 24 کا عملہ، جس میں پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی بھی شامل ہیں، خلائی سٹیشن میں داخل ہوگیا، تیانگونگ پر پہلے سے موجود شینژو 23 مشن کے عملے نے اپنے نئے ساتھی خلا بازوں کا استقبال کیا۔
چینی خلائی سٹیشن کے ایکس ہینڈل سے جاری تصاویر کے ساتھ لکھا ہے کہ یہ چین اور پاکستان کے درمیان بین الاقوامی خلائی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔
تین رکنی مشن کی قیادت تجربہ کار چینی خلاباز تانگ ہونگبو نے کی، چینی خلاباز وو یی نے فلائٹ انجینئر کے فرائض سرانجام دیئے، پاکستان کے محمد ذیشان علی مشن میں بطور پے لوڈ سپیشلسٹ شامل ہیں۔
قبل ازیں خلائی مشن شین ژو 24 چین کے 2 اور ایک پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو لیکر روانہ ہوا تھا، یہ پاک چین دوستی کی تاریخ کا ایک سنہرا اور تاریخی دن ہے، پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان نے تاریخ رقم کر دی۔
پاکستانی وقت کے مطابق 5 بجکر18 منٹ پر خلائی مشن روانہ ہوا، چینی خلا باز تانگ ہونگبو، وویی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی خلائی مشن انجام دیں گے، خلائی مشن ایک ہفتہ خلا میں قیام کے بعد زمین پر واپس آئے گا۔
خلائی مشن شین ژو24 پر روانگی سے قبل خلا بازوں کی الوداعی تقریب ہوئی، وفاقی وزیر احسن اقبال نے تقریب میں شرکت کی، تقریب میں پاکستانی پرچم لہرائے گئے، پاکستانی اور چائنیز خلا بازوں نے شرکا کو ہاتھ ہلا کر الوداع کہا، تینوں خلا باز گاڑیوں میں بیٹھ کر خصوصی پروٹوکول میں خلائی مرکز پہنچے۔
خلائی مشن شین ژو 24 کی خلا میں روانگی کے حوالے سے سپارکو ہیڈکوارٹر اسلام آباد اور کراچی میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، سپارکو کراچی میں بڑی سکرین کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں سپارکو افسران اور سٹاف کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
71 مناظر