• بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، 17 دہشتگرد ہلاک

    بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سکیورٹی فورسز نے دو انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی حکمت اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
    ترجمان پاک فوج کے مطابق فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر دونوں اضلاع میں الگ الگ کارروائیاں کی گئیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ضلع کچھی کے علاقے سنی میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی جانب سے سڑک کی ناکہ بندی کی کوشش ناکام بنا دی، کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 10 دہشت گرد مارے گئے جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع خاران میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کر دیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی حکمت اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے، علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں
    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کو سراہا ہے۔

    وزیراعظم نے ان آپریشنز میں 17 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

    شہباز شریف نے ضلع خاران میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے سپاہی حکمت اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

    وزیراعظم نے شہید کے اہل خانہ سے بھی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عزم استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی سپانسرڈ 17 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔

    محسن نقوی نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی حکمت اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سپاہی حکمت اللہ نے وطن کی خاطر جان قربان کرکے اعلیٰ مثال قائم کی، سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

    43 مناظر