
اپنی چھت، اپنا گھر سکیم: ایک لاکھ 28 ہزار سے زائد گھر مکمل,2 لاکھ 25 ہزار سے زائد قرضے جاری
اپنی چھت، اپنا گھر سکیم کے تحت 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 28 ہزار 718 گھر مکمل ہو چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سکیم کے تحت مقررہ اہداف مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اپنی چھت، اپنا گھر سکیم کے تحت 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 28 ہزار 718 گھر مکمل ہو چکے ہیں۔ ایک لاکھ 71 ہزار 597 افراد کو قرضے کی دوسری قسط بھی مل چکی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سکیم کے تحت 62 ہزار 600 گھر تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔ قرضوں کی اقساط کی وصولی 97.6 فیصد رہی، جبکہ 22 ارب 29 کروڑ روپے کی اقساط وصول کی جا چکی ہیں۔
اجلاس میں اپنی چھت، اپنا گھر سکیم کے لیے نئی درخواستیں طلب کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
دوسری جانب اپنی چھت، محفوظ چھت سکیم کے تحت درخواستیں وصول کرنے کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ اس سکیم کے تحت 3 ہزار 55 درخواست دہندگان کو ایک ارب 21 کروڑ 60 لاکھ روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ 532 گھروں کی تعمیر اور توسیع کا کام مکمل ہو چکا ہے۔
22 مناظر