Site icon Meritnews

مائع پٹرولیم گیس ایسوسی ایشنز نے 16 نومبر سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا

ایل پی جی مارکیٹز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین علی حیدر نے حکومت کی جانب سے قیمتوں کے تعین کے نئے فارمولے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 16 نومبر سے ایل پی جی کی فروخت بند کر دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام ایسوسی ایشنز کے ہنگامی اجلاس میں حکومتی فارمولے کے خلاف فیصلہ کیا گیا ہے۔

علی حیدر نے کہا کہ حکومت کے نئے پرائسنگ فارمولے سے ایل پی جی کی قیمتوں میں 25 سے 30 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز نومبر کیلئے ایل پی جی 14 روپے 73 پیسے فی کلو مہنگی کر دی گئی جس کا اوگرا نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی نئی فی کلو گرام قیمت 294 روپے مقرر کی گئی ہے، جس کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگیا ہے۔

اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 173 روپے 86 پیسے مہنگا ہوگیا، 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 3470 روپے 9 پیسے مقرر کر دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں ایل پی جی اوگرا کی مقرر کردہ قیمت سے دگنی میں فروخت ہو رہی ہے۔

Exit mobile version