• پنجاب میں ای بزنس کا فروغ ترجیح، 4 لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنا دیا: مریم

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں ای بزنس کو فروغ دیا جا رہا ہے، ایک سال میں 4 لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا ہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو مالی معاونت فراہم کی۔
    لاہور میں پنجاب انوویشن فار ویلیو، آپرچیونٹی اینڈ ٹرانسفارمیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، دنیا میں تیزی سے تبدیلی آرہی ہے، آج صنعت سمیت ہر شعبہ تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے، کوئی ملک بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوئے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں پنجاب کا اہم کردار ہے، قومی جی ڈی پی میں پنجاب کا نمایاں حصہ ہے، پنجاب میں فارماسیوٹیکل انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے، نوجوان آبادی پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ بن سکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کاروبار کیلئے تاجروں کو ذہنی سکون فراہم کرنا ضروری ہے، کاروبار کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی میں امن و امان بنیادی اہمیت رکھتا ہے، بدامنی اور بے یقینی میں کاروبار ممکن نہیں، جہاں روز احتجاج اور توڑ پھوڑ ہو، وہاں محنت کش کیسے کام کرے گا؟

    مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ای بزنس کو فروغ دیا جا رہا ہے، ایک سال میں 4 لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا ہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو مالی معاونت فراہم کی۔

    وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری لانے کیلئے سب سے پہلے ماحول کو محفوظ بنانا ہے، ماحولیاتی تحفظ بلاشبہ انتہائی ضروری ہے، ماحولیاتی تحفظ کی آڑ میں کارخانے بند کرانا درست اقدام نہیں، صنعتوں کو ماحول دوست بنانا اور ان کی نگرانی اہم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو فنی تربیت دے رہی ہے، پرواز کارڈ کے ذریعے بیرون ملک روزگار کے خواہشمند نوجوانوں کیلئے سہولت یقینی بنائی، بچوں کی زندگیوں سے کھیلنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، تجاوزات ختم کر کے بازاروں کو کشادہ کر دیا گیا، 25 سال پرانے قبضے ختم کرائے ہیں، پٹواری اور تحصیل دار کرپشن میں ملوث ہیں، کرپشن کے خاتمے کے بجائے اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ ہی میں سب سے زیادہ کرپشن سامنے آئی۔

    مریم نواز نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس نوجوانوں کی بڑی آبادی اور محنت کرنے والی افرادی قوت موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے صنعتوں کی ضروریات کے مطابق تربیت دی جائے، کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے اور روزگار کے زیادہ مواقع پیدا کئے جائیں۔

    18 مناظر