• پاکستان پیپلزپارٹی نے اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کی دعوت

    انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد نے قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی۔

    وفد نے اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔

    پیپلزپارٹی کے وفد نے شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کیلئے حکومت اور اپوزیشن کو مشترکہ تجاویز مرتب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    سینئر رہنما پیپلزپارٹی شیری رحمان نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے اعتماد کا حامل انتخابی نظام وضع کرنا پیپلزپارٹی کا مقصد ہے، اپوزیشن جماعتیں انتخابی اصلاحات کمیٹی میں اپنی تجاویز پیش کریں، انتخابی عمل پر بار بار اٹھنے والے سوالات پارلیمان کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ووٹرز کے حقوق کے تحفظ اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کیلئے ناگزیر ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی تجویز پر قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان پر مشتمل انتخابی اصلاحات کمیٹی کے قیام کی قرارداد منظور ہوئی۔

    شیری رحمان نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی اپنی سفارشات منظوری کیلئے پارلیمان میں پیش کرے گی۔

    قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے پیپلزپارٹی کے وفد کی انتخابات میں شفافیت مؤثر بنانے کی تجویز سے اتفاق کیا۔

    ملاقات میں پیپلز پارٹی کے وفد کی قیادت سینیٹر شیری رحمان نے کی، دیگر ارکان میں نیئر بخاری، ندیم افضل چن اور سینیٹر وقار مہدی شامل تھے، اپوزیشن وفد میں علامہ راجہ ناصر عباس، محمود اچکزئی، نور الحق قادری اور سینیٹر علی ظفر شامل تھے۔

    17 مناظر