• برطانیہ نے گزشتہ 5 سالوں میں پہلی بار اپنی 4 میں سے 3 جوہری آبدوزوں کو ایک ساتھ سمندر میں اتار دیا

    برطانوی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان میں سے کم از کم ایک آبدوز جوہری وار ہیڈز لے جانے والے بیلسٹک میزائلوں سے لیس ہے، سمندر میں موجود ان تین آبدوزوں کے نام ایچ ایم ایس وین گارڈ، ایچ ایم ایس ویجیلینٹ اور ایچ ایم ایس وینجنس بتائے گئے ہیں جبکہ چوتھی آبدوز، ایچ ایم ایس وکٹوریس اس وقت مرمت کے عمل سے گزر رہی ہے۔

    واضح رہے کہ سلامتی کی ضمانت کے طور پر برطانیہ اپنی 4 میں سے کم از کم ایک آبدوز کو مسلسل سمندر میں تعینات رکھتا ہے، اس غیر معمولی تعیناتی نے یہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں کہ آیا وزیرِ دفاع ویس اسٹریٹنگ کے حالیہ انتباہ کے بعد برطانیہ نے اپنا دفاعی مؤقف تبدیل کر لیا ہے۔

    اپنے حالیہ بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ برطانیہ کو جنگ کیلئے تیار رہنا چاہیے، رائل نیوی پر نظر رکھنے والے آزاد ادارے نیوی لک آؤٹ کا کہنا ہے کہ 1969ء سے لے کر اب تک بیلسٹک میزائلوں سے لیس کم از کم ایک آبدوز بغیر کسی وقفے کے مسلسل سمندر میں موجود رہتی ہے۔

    اسکائی نیوز کے مطابق وزارتِ دفاع کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ملک کا جوہری ڈیٹرنٹ ’ہماری قومی سلامتی کی بنیاد ہے جو ہر دن اور ہر لمحے برطانیہ اور ہمارے نیٹو اتحادیوں کی حفاظت کرتا ہے‘۔

    14 مناظر