
روسی وزیر داخلہ کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل سے ملاقات
روسی فیڈریشن کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا۔
جہاں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور روس کے سکیورٹی اداروں کے درمیان قریبی ادارہ جاتی روابط کے فروغ اور باہمی رابطہ کاری کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے اور مشترکہ مفادات کے امور پر مل کر کام کرنے سے متعلق تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روس کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے مشترکہ مفادات کے شعبوں، بالخصوص سکیورٹی کے میدان میں عملی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔
روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف بھی کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات پاکستان اور روس کے درمیان سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے، ادارہ جاتی روابط بڑھانے اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر باہمی رابطہ کاری بہتر بنانے کی اہمیت کو اُجاگر کرتی ہے
22 مناظر