• ملک کے بالائی علاقوں میں بارش، کشمیر میں ژالہ باری

    محکمہ موسمیات نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور بالائی و وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
    محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر کے بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر ژالہ باری جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک کے دیگر حصوں، خصوصاً سندھ میں موسم زیادہ تر خشک اور دن کے اوقات میں گرم رہنے کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، تاہم خضدار، ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں گڑھی دوپٹہ میں 24 ملی میٹر، مظفرآباد شہر میں 22، مظفرآباد ایئرپورٹ پر 15 اور کوٹلی میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    خیبر پختونخوا میں بالاکوٹ میں 15 ملی میٹر، پارہ چنار میں 14، تخت بھائی میں 13، پشاور شہر میں 12، دروش اور کاکول میں 11، پٹن میں 10، دیر بالا اور مالم جبہ میں 9، دیر زیریں میں 8، کالام میں 7 جبکہ سوات کے سیدو شریف اور چترال میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

    رپورٹ کے مطابق میر خانی میں 5 ملی میٹر، باچا خان ایئرپورٹ پر ایک ملی میٹر اور پشاور ایئرپورٹ پر بھی ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    گلگت بلتستان میں سکردو میں 9 ملی میٹر، استور میں 8، گلگت میں 5، گوپس میں 2 جبکہ بنجی اور چلاس میں ایک، ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے۔

    31 مناظر