Site icon Meritnews

قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ امن و امان خراب کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا صوبے کے عوام کے نام اہم پیغام میں کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام صدارتی پروکلیمیشن کا خیرمقدم کرتے ہیں، خیبر پختونخوا کے عوام امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں، صوبے کے عوام نے فیصلہ کر لیا، مزید فتنہ الخوارج کا ساتھ نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردوں کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے، صوبے کے عوام انتشار اور بدامنی کے بجائے پُرامن اور خوشحال مستقبل چاہتے ہیں، خیبر پختونخوا کے عوام دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کے خواہاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ باہمی تجربات اور مشترکہ کوششوں سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کو فروغ دینا چاہتے ہیں، عوام جمہوری اقدار کا فروغ اور ترقی کے ثمرات عام شہری تک پہنچتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام امن پسند ہیں، دہشت گردی اور پُرتشدد کارروائیوں کی ہرگز حمایت نہیں کرتے، عوام کسی بھی قسم کی قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور دنگے فساد سے مکمل اجتناب کریں، امن و امان خراب کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔

Exit mobile version