Site icon Meritnews

شہباز شریف کی مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان اہم ملاقات جاری ہے، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی جا رہی ہے۔
ملاقات سے قبل شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا اور انہیں عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی تھی، وزیراعظم نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ کو وزیراعظم ہاؤس آنے کی دعوت بھی دی، جسے مولانا فضل الرحمان نے قبول کر لیا تھا۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان نے خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ تناؤ کم کرنے کے معاملے پر بھی وزیراعظم سے بات چیت کی تھی، موجودہ ملاقات میں اس معاملے سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیے جانے کا امکان ہے، تاہم ملاقات میں زیر بحث امور اور کسی ممکنہ پیش رفت کی باضابطہ تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

یاد رہے کہ اس ملاقات سے دو روز قبل سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، طارق فضل چوہدری اور رانا ثنا اللہ نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی، اس ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو ہوئی تھی۔

واضح رہے وزیراعظم اور سربراہ جے یو آئی (ف) کے درمیان ہونے والی حالیہ ملاقات کو سیاسی رابطوں کے تناظر میں اہمیت حاصل ہے، ملاقات کے اختتام پر سامنے آنے والی تفصیلات سے دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو اور ممکنہ پیش رفت کے بارے میں مزید آگاہی مل سکے گی۔

Exit mobile version