وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کی سکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں گورنر راج یا ایمرجنسی لگانے سے متعلق فیصلے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم کی زیرصدارت وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا، اہم وفاقی وزراء سمیت وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام شریک ہوں گے، وزارت داخلہ کے حکام خیبر پختونخوا میں سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبے کی موجودہ صورتحال، عوام کے تحفظ اور امن و امان سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ ایمرجنسی کے نفاذ اور گورنر راج سمیت مختلف آئینی آپشنز پر غور متوقع ہے۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی لگانے سے متعلق فیصلے کا امکان ہے، ایمرجنسی لگانے کی صورت میں وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی، وزیراعظم وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کریں گے۔
اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ سابق فاٹا کے ضم شدہ اضلاع سمیت 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز ہے، خیبرپختونخوا میں اہم اختیارات وفاق کے استعمال کرنے کی بھی تجویز ہے، آرٹیکل 232 سے 234 تک غور و خوض کے بعد اہم فیصلوں کی منظوری کا امکان ہے۔
اجلاس میں قومی سلامتی کے اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا، صوبے کی صورتحال پر غور کے بعد اہم اختیارات وفاقی حکومت کے استعمال میں دینے سے متعلق تجاویز کا بھی جائزہ لیا جا سکتا ہے۔
