بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ پنجاب
لاہور، فون نمبر:99201390
فرحان علی شیخ/عباس
ہینڈآؤٹ نمبر3293
بینک ڈکیتی کے ملزم کی فوری گرفتاری، سی سی پی او کی پولیس ٹیم کو شاباش
شہریوں کے جان و مال کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔سی سی پی اولاہور
بینکوں اور مالیاتی اداروں کی سکیورٹی میں کسی قسم کی ٖغفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔بلال صدیق کمیانہ
لاہور، 3 اکتوبر:…… سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے بینک ڈکیتی کے ملزم کی فوری گرفتاری پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزیدموثر بنایا جائے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
سی سی پی او لاہور نے بینکوں اور مالیاتی اداروں کے سکیورٹی انتظامات فول پروف بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بینکوں کے سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ سکیورٹی انتظامات اور ایس او پیز پر عملدرآمد کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے اور کسی بھی کمی یا غفلت کی صورت میں فوری اقدامات کیے جائیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے بینک سکیورٹی گارڈز کی پیشہ ورانہ تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی گارڈز کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
سی سی پی او لاہور نے ڈویژنل ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں بینکوں اور مالیاتی اداروں کے سکیورٹی انتظامات کی باقاعدگی سے نگرانی یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بینکوں اور مالیاتی اداروں کی سکیورٹی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
٭٭٭٭٭
بینک ڈکیتی کے ملزم کی فوری گرفتاری، سی سی پی او کی پولیس ٹیم کو شاباش
