• وزیراعظم کی آئی ایم ایف چیف سے ملاقات

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے واشنگٹن میں ملاقات ہوئی ہے۔
    دوران ملاقات وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے مسلسل تعاون پر کرسٹالینا جارجیوا کا شکریہ ادا کیا، اور پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تعمیری شراکت داری مضبوط بنانے میں کرسٹالینا جارجیوا کے کردار کو سراہا۔

    وزیراعظم نے حکومت کی جانب سے اصلاحاتی ایجنڈے پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا، اور کہا کہ لاقائی تنازع اور بیرونی مہنگائی کے دباؤ کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کی جانب گامزن ہے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مالیاتی نظم و ضبط اور بیرونی مالیاتی ذخائر میں بہتری آئی ہے، ملاقات میں پاکستان کے آئندہ آئی ایم ایف پروگرام کے جائزے اور معاشی لچک مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
    آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں پاکستان میں جاری اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں ایم ڈی آئی ایم ایف نے لکھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کا موقع ملا۔

    انہوں نے لکھا کہ پاکستان میں جاری اصلاحات پر مضبوط عمل درآمد سے معاشی استحکام برقرار رکھنے، اعتماد بحال کرنے اور پاکستان کی دوبارہ عالمی مارکیٹ تک رسائی میں مدد ملی ہے۔

    کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھنے سے معاشی ترقی میں اضافہ ہوگا اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

    19 مناظر