
سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 19 دہشتگرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آپریشنز کے دوران 19 دہشتگردوں میں جہنم واصل کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں ’’فتنہ الخوارج‘‘ اور ’’فتنہ الہندوستان‘‘ سے وابستہ متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی، جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔
مقامی آبادی کے تحفظ اور علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر سے شعبان میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا، کارروائی کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد اب تک 13 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ کلیئر کیے گئے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
دوسری جانب 22 اور 23 ستمبر کو ضلع کیچ اور ضلع کوئٹہ ویسٹ میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پیشگی کارروائیاں کیں۔
کارروائیوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 39 سالہ صوبیدار محمد جمیل بھی شہید ہوگئے، شہید صوبیدار محمد جمیل ضلع ڈیرہ غازی خان کے علاقے تونسہ شریف کے رہائشی تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت جاری انسدادِ دہشتگردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیرملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
35 مناظر