Site icon Meritnews

پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4 دہشت گرد جہنم واصل

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، فتنہ الہندوستان کے مزید 4 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پنجگور کے علاقے اپھان کوہ، پروم میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کا علاقے میں موجود دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 4 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔

فتنہ الہندوستان کے جہنم واصل دہشت گردوں کےقبضے سے بڑی مقدارمیں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں، جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔

ادھر صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ 6 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں مؤثر کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 8 خوارج ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران اپنے دستوں کی قیادت فرنٹ سے کرنے والے دو بہادر افسران اور 4 جوانوں نے بھی جامِ شہادت نوش کیا، شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوزر فاروق، ساکن ضلع گوجرانوالہ، اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر، ساکن ضلع چکوال، شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں افسران نے اپنے چار جوانوں کے ہمراہ بہادری سے لڑتے ہوئے مادرِ وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

Exit mobile version