• صاف ستھرا پنجاب صحت مند اور خوشحال مستقبل کی بنیاد ہے، مریم

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ صفائی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صفائی ہر مسلمان کے لیے نصف ایمان کا درجہ رکھتی ہے، جبکہ صاف ستھرا پنجاب صحت مند اور خوشحال مستقبل کی بنیاد ہے۔
    مریم نواز شریف نے کہا کہ ستھرا پنجاب پراجیکٹ نئے اور صحت مند پنجاب کی بنیاد ہے، ستھرا پنجاب دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ شہروں کے ساتھ ساتھ 25 ہزار گاؤں کی صفائی کا منظم پروگرام شروع کیا گیا ہے، پنجاب کے روڈز، گلی محلوں میں سیف سٹی کیمروں سے بھی صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گلی محلوں کی صفائی کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے، مگر صفائی برقرار رکھنا شہریوں کا فرض ہے، ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت پائیدار اور ماحول دوست اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    مریم نواز شریف نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول بیماریوں سے بچاؤ اور بہتر معیارِ زندگی کی ضمانت ہے، پنجاب کو صاف، سرسبز اور اہل پنجاب کو صحت مند بنانا اولین ترجیح ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کرہ ارض کو صاف ستھرا رکھنا ہمارے ماحول کی حفاظت اور بقا کے لیے ناگزیر ہے، اپنے اردگرد کا ماحول صاف رکھنا ہماری اجتماعی معاشرتی ذمہ داری ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق کچرے کی ری سائیکلنگ، ویسٹ منیجمنٹ اور پبلک مقامات کی صفائی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

    مریم نواز شریف نے کہا کہ صاف پاکستان ہی صحت مند اور ترقی یافتہ پاکستان ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے مناسب طریقے اپنائیں، پلاسٹک کا استعمال نہ کریں اور اپنے گھروں، گلیوں اور محلوں کو صاف رکھنے میں بھرپور کردار ادا کریں۔

    13 مناظر