
حوثی ملیشیا کا ریاض کی طرف داغا گیا بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ
سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے ہفتے کی صبح سعودی دارالحکومت ریاض کی طرف داغا گیا بیلسٹک میزائل سعودی فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیا۔
سعودی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثیوں نے ریاض کے علاوہ بیش، طائف، فرسان اور ینبع میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی بھی کوشش کی، تاہم سعودی فضائی دفاع نے تمام حملوں کو ناکام بنا دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ریاض میں حملے کے دوران دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جبکہ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دھوئیں کے بادل بھی دیکھے گئے، حملے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا کہ گروپ نے ریاض میں حساس مقامات اور ینبع میں سعودی آئل کمپنی آرامکو کی تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا، تاہم حوثیوں کی جانب سے ان دعوؤں کے حق میں مزید تفصیلات یا شواہد فراہم نہیں کیے گئے۔
خیال رہے کہ ریاض پر حالیہ حملہ سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافے کی نشاندہی کرتا ہے، جبکہ سعودی حکام نے شہریوں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کیلئے فضائی دفاع کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
16 مناظر