
شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کیلئے مشعلِ راہ، لہو رائیگاں نہیں جائے گا: صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کیلئے مشعلِ راہ ہیں اور ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔
اپنے بیان میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین کیا اور شمالی وزیرستان اور ہنگو میں کارروائیوں کے دوران خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
صدرِ مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہید جوانوں کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے عزم اور حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں، پاکستان کے بہادر سپوت وطن کے دفاع اور امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں ہنگو اور شمالی وزیرستان کے اضلاع میں ہندوستان کے حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے دوران 10 خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیوں میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے 6 جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع، امن اور سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں، شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کیلئے مشعلِ راہ ہیں اور ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی خیبرپختونخوا میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، شمالی وزیرستان اور ہنگو میں 10 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
محسن نقوی نے قافلے پر حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 6 بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کیا، وزیرداخلہ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قوم کو وطن کے بہادر بیٹوں پر ناز ہے۔
10 مناظر