Site icon Meritnews

مکہ پر ڈرون حملے کی کوشش قابل مذمت، حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے سعودیہ کیساتھ ہیں: وزیراعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر ڈرون حملے کی بزدلانہ اور گھناؤنی کوشش کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اس اشتعال انگیز حرکت پر رنجیدہ اور فکرمند ہیں، اس قابلِ مذمت اور ناقابلِ معافی فعل پر ہمیں جس گہرے دکھ اور صدمے کا سامنا ہے، اسے بیان کرنے کیلئے الفاظ ناکافی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم شاہی سعودی مسلح افواج کی غیر معمولی مستعدی، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے بروقت اور بہادرانہ کارروائی کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں ایک بار پھر تمام فریقین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں، بات چیت اور سفارت کاری ہی امن کے حصول کا واحد پائیدار راستہ ہے۔

وزیرا عظم نے مزید کہا کہ پاکستان برادر ملک مملکتِ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے ساتھ ساتھ حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے معاملے میں غیر متزلزل طور پر اور شانہ بشانہ کھڑا ہے، یہ ایک ایسا فرض ہے جسے ہر پاکستانی اپنے دل کے بہت قریب سمجھتا ہے۔

Exit mobile version