
راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش
ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
راولپنڈی میں مری روڈ، صادق آباد، راجا بازار اور گردونواح میں موسلادھار بارش ہوئی، شمس آباد، کچہری، نیو کٹاریاں، چکلالہ اور پیرودہائی کے علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی میں اب تک مجموعی طور پر 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
اس کے علاوہ سیدپور میں 6، گولڑہ 18، بوکڑہ 15 اور پی ایم ڈی میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، شمس آباد میں 18، کچہری 3، پیرودہائی 16 اورکٹاریاں میں 13 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔
راولپنڈی کے نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 5 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، حیدر آباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی بادل خوب برسے، جبکہ پشاور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کر دی، 17 ستمبر تک مختلف اضلاع میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔
پنجاب کے مختلف اضلاع، بالائی خیبرپختونخوا میں شدید بارشیں متوقع ہیں، نشیبی علاقے زیرآب آنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ہے۔
9 مناظر