
اسحاق ڈار اور رافیل گروسی میں رابطہ
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی سے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، دونوں نے کشیدگی کم کرنے کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کو بہترین راستہ قرار دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے امیدوار رافیل گروسی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، بات چیت کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ علاقائی کشیدگی کم کرنے اور صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد ہی بہترین لائحہ عمل ہے، رافیل گروسی نے ضرورت پڑنے پر تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔
اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کو آگے بڑھانے، بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے عالمی امن اور ترقی کے ایجنڈے کے حصول میں اقوام متحدہ کے نظام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے منصب کے لیے رافیل گروسی کی انتخابی مہم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
26 مناظر