• اسلام آباد کی سکیورٹی کیلئے صوبوں سے 23 ہزار پولیس اہلکار طلب

    اسلام آباد میں سیاسی و عوامی سرگرمیوں کے متوقع انعقاد کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اس ضمن میں وفاقی حکومت نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے مجموعی طور پر 23 ہزار 500 پولیس اہلکار طلب کر لیے ہیں۔

    کابینہ سیکرٹری نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کو خط لکھا ہے، جبکہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے پولیس اہلکاروں کی دستیابی اور تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب سے 15 ہزار، سندھ سے 8 ہزار جبکہ بلوچستان سے 500 پولیس اہلکار اسلام آباد بھجوائے جائیں گے، تینوں صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مطلوبہ پولیس نفری 20 ستمبر تک اسلام آباد میں تعینات کردی جائے۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں سے نمٹنے کے لیے ایک ہزار سے زائد کنٹینرز کا انتظام کیا جا رہا ہے، جبکہ 100 سے زائد کنٹینرز اہم مقامات پر پہلے ہی پہنچائے جا چکے ہیں، انسدادِ ہنگامہ آرائی یونٹس، خصوصی آلات اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے ضروری سامان بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔

    اس صورتحال کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں، اہم سرکاری عمارتوں اور حساس مقامات پر سیکیورٹی مزید بڑھانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    11 مناظر