Site icon Meritnews

پاکستان کی سعودیہ میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت

پاکستان نے سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ہونے والے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی اور سعودی خودمختاری و علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ڈرون حملوں کے نتیجے میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نقصان پہنچا جبکہ شہری بھی زخمی ہوئے، پاکستان ان حملوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

پاکستان نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے حصول کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔

سعودی وزارت خارجہ کےمطابق عراقی سرزمین سے سعودی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ڈرون حملہ کیا گیا،ریاض اور مدینہ میں پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا۔

سعودی وزارت خارجہ نےواضح کیا ہے کہ تنصیبات کے تحفظ کے لیےضروری اقدامات کرنےکا حق محفوظ رکھتے ہیں،تاہم عراقی وزیراعظم نے سعودی عرب سے جوابی کارروائی نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

عراقی وزیراعظم نےتصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ حملے کےلیےسرزمین استعمال ہوئی،انہوں نے اعلیٰ فوجی کمانڈر کو برطرف کرتے ہوئےایران سے منسلک شلمچہ سرحد بند کرنے کا اعلان کردیا۔

عراقی حکومت نے سعودی عرب کی جانب سے جوابی کارروائی مؤخر کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی سلامتی اور استحکام کو نشانہ بنانے والا کوئی بھی حملہ قابل قبول نہیں۔

Exit mobile version