• صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے جمیلہ بیگم ری ہیبلیٹیشن سنٹر کا افتتاح کر دیا

    پریس ریلیز

    صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے جمیلہ بیگم ری ہیبلیٹیشن سنٹر کا افتتاح کر دیا

    خصوصی ضروریات کے حامل افراد کو معیاری بحالیِ صحت کی سہولیات کی فراہمی ایک اہم قومی و سماجی ذمہ داری ہے: رانا محمد اقبال خان

    لاہور، 12 ستمبر 2026ء: صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے ورلڈ فزیو تھراپی ڈے کی مناسبت سے فزیو گریو کلینک اینڈ اکیڈمی کے زیر سایہ سنگاپور میڈیکل سینٹر، اقبال ٹاؤن لاہور میں خصوصی ضروریات کے حامل بچوں اور افراد کے لیے قائم کیے گئے جمیلہ بیگم ری ہیبلیٹیشن سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ خصوصی ضروریات کے حامل بچوں اور افراد کی فلاح و بہبود معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ایسے افراد کو صحت، تعلیم، بحالی اور معاشرے میں باوقار زندگی گزارنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہم سب کا فرض ہے۔
    انہوں نے کہا کہ جمیلہ بیگم ری ہیبلیٹیشن سنٹر کا قیام ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جہاں خصوصی ضروریات کے حامل بچوں اور افراد کو جدید اور معیاری بحالیِ صحت کی سہولیات ایک ہی چھت کے نیچے فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ایسے ادارے نہ صرف مریضوں بلکہ ان کے والدین اور خاندانوں کے لیے بھی امید اور سہارا بنتے ہیں۔
    رانا محمد اقبال خان نے کہا کہ جسمانی معذوری یا خصوصی ضرورت کسی بھی انسان کی صلاحیتوں کی راہ میں مستقل رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔ مناسب علاج، مسلسل بحالی، تربیت، محبت اور حوصلہ افزائی کے ذریعے خصوصی افراد کو زیادہ خودمختار اور فعال زندگی کی طرف لایا جا سکتا ہے۔
    اس موقع پر فزیو ڈاکٹر زاہد مرزا نے صوبائی وزیر قانون کو سنٹر کے مختلف شعبہ جات، دستیاب سہولیات اور بحالیِ صحت کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے
    بتایا کہ سنٹر میں خصوصی ضروریات کے حامل بچوں اور افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف شعبہ جات میں خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں فزیوتھراپی، پیڈیاٹرک کیئر اور آرتھوپیڈک سروسز شامل ہیں۔ ماہرین کی ٹیم مریضوں کی انفرادی ضروریات کے مطابق بحالی کا منصوبہ ترتیب دیتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سنٹر کا بنیادی مقصد خصوصی ضروریات کے حامل افراد کی جسمانی، ذہنی، نفسیاتی، ابلاغی اور روزمرہ زندگی سے متعلق ضروریات کو سمجھتے ہوئے انہیں بہتر functional independence، خود اعتمادی اور معیارِ زندگی کی طرف لے جانا ہے۔
    صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے سنٹر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ تقریب میں ڈاکٹر فیصل زاہد، ڈاکٹر شاہ زیب، جہانگیر، احمد مرزا، عبدالغفار اور آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر اعجاز سمیت دیگر معززین اور ماہرین نے شرکت کی۔

    18 مناظر