دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں، بھارت کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے بتایاکہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود حل طلب مسئلہ ہے، بھارتی دعوؤں اور ہتھکنڈوں سے کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، یاسین ملک کی صحت کے معاملے پر تشویش ہے، پاکستان یاسین ملک کی غیر قانونی قید کی مذمت کرتا ہے، ان کا بیانِ حلفی بھارتی عدالتی نظام کے منہ پر طمانچہ ہے، پاکستان نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ یاسین ملک کی صحت کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔
سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان 5 ستمبر کو سہارنپور میں پرانی مسجد مسمار کیے جانے کی سختی سے مذمت کرتا ہے، مذہبی آزادیوں کا احترام ہونا چاہئے اور کسی بھی مذہبی مقام کے خلاف کارروائی قابل مذمت ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم نے کرغزستان کا دورہ کیا جس میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، پاکستان اور کرغزستان کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں وزرائے خارجہ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات پر اتفاق کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ سے بھی رابطہ کیا اور ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے شاہی خاندان اور ناروے کے عوام سے پاکستان کی ہمدردی کا اظہار کیا۔
ترجمان کے مطابق 7 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، دونوں رہنماؤں نے بھی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ملاقات پر اتفاق کیا۔
سجاد حیدر خان نے بتایا کہ 9 ستمبر کو نائب وزیراعظم نے مصری وزیر خارجہ سے دوبارہ رابطہ کیا اور قومی و علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان سمیت عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی سے متعلق اسرائیلی بیانات اور تجاویز مسترد کرتے ہوئے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان نے نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ٹن امدادی سامان بھیجا ہے، پاکستان 4 سے 11 اپریل 2027 تک سیف گیمز کی میزبانی بھی کرے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گلوبل گورننس انیشی ایٹو چین کا ایک اہم منصوبہ ہے اور پاکستان اس کا حصہ ہے، پاکستان اس منصوبے کے تحت چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کے ایک بڑے نیٹ ورک کو توڑا ہے، جس کا سرغنہ افغان شہری تھا، کراچی بندرگاہ پر سری لنکن حکام کے ساتھ رابطے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے 200 کلوگرام منشیات قبضے میں لی گئی، پاکستان نے منشیات کے خلاف کارروائی میں تعاون کرنے پر دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا۔
