Site icon Meritnews

مزار قائد پر گارڈ تبدیلی کی پروقار تقریب

یوم دفاع کے موقع پر مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے فرائض سنبھال لیے
ایئر آفیسر کمانڈنگ پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں پریڈ کا شاندار مظاہرہ کیا، اس پریڈ میں 72 کیڈٹس پر مشتمل چاک و چوبند دستہ نے حصہ لیا جو 64 مرد اور 8 خواتین کیڈٹس پر مشتمل تھا۔

پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے مزارِ قائد پر شاندار پریڈ کا مظاہرہ کرکے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو منفرد انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پاک فضائیہ کے کیڈٹس کی جانب سے گارڈز کے فرائض سنبھالنے کی تقریب یومِ دفاع کے موقع پر بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور قومی جذبے کی تجدید کا منفرد اظہار ہے۔

ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے بابائے قوم کے مزار پر حاضری دی اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے گزشتہ سال بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ایک بار پھر اپنی دفاعی صلاحیت ثابت کی۔

ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے کہا ہے کہ 1965 کی جنگ ہو یا معرکۂ حق، پاک فضائیہ نے ملکی سلامتی کو ہمیشہ اپنا عزم بنایا اور قوم کی امیدوں پر پوری اتری۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع پاک فضائیہ کے ہاتھوں میں ہے اور ملکی خودمختاری و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ ہر دور میں ملکی سلامتی کے دفاع کے لیے پرعزم رہی ہے اور مستقبل میں بھی پاکستان کی فضائی حدود اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی۔

Exit mobile version