• پاکستان، ترکیہ اور سعودیہ کے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سہ ملکی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج استنبول میں ہوگا

    استنبول میں آج ہونے والے اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے اعلیٰ حکام شریک ہوں گے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان کی نمائندگی کریں گے، ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور چیفس آف جنرل اسٹاف بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

    نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ترکیہ پہنچ گئے ہیں، اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعاون پر اہم مشاورت ہوگی۔

    سہ ملکی اجلاس میں عالمی سلامتی اور تینوں ملکوں کی دفاعی صلاحیتیں مضبوط بنانے پر غور ہوگا، تینوں ملکوں میں دفاعی صنعت میں مشترکہ پیداوار اور ٹیکنالوجی پر بات چیت ہوگی۔

    اس سلسلہ میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ملاقات ہوئی ہے جس میں پاکستان نے علاقائی امن و استحکام کیلئے دیرپا کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کے مسلسل استحکام اور توسیع پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے حضرت ابو ایوب انصاریؓ کے مزار پر حاضری دی، عقیدت و احترام کا اظہار کیا اور پاکستان اور عوام کے امن و خوشحالی ، امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے دعا کی۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیے کی اسٹریٹجک شراکت داری مشترکہ خوش حالی اور سکیورٹی کی ضامن ہے ، مکہ معاہدے نے دونوں کے اسٹریٹجک بھائی چارے کی تصدیق کی ، یہ معاہدہ پاکستان اور ترکیے کو سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے جوڑتا ہے ، ہمارے مشترکہ تحفظ اور دفاعی قوت کی راہ ہموار کرتا ہے۔

    32 مناظر