• آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 7 نشستوں پر پولنگ مکمل

    آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 7 مخصوص نشستوں پر پولنگ مکمل ہو گئی، مسلم لیگ ن 5 اور پیپلز پارٹی 2 نشستوں پر کامیاب ہو گئی
    ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اسمبلی ہال مظفرآباد میں پولنگ کا آغاز صبح 10 بجے ہوا،خواتین کی 5 مخصوص نشستوں کیلئے 6 امیدوار میدان میں آئے، مسلم لیگ ن نے 4 خواتین جبکہ پیپلزپارٹی کی طرف سے 3 کو نامزد کیا، پیپلزپارٹی کی طرف سے شاہین کوثر ڈار نے کاغذات واپس لے لئے۔

    سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق پیپلزپارٹی کی دو اور مسلم لیگ ن کی تین خواتین مخصوص نشستوں پر کامیاب ہوئیں، مریم زمان نے7 ، مریم ادریس 7 اور سحرش قمر نے بھی 7 ووٹ حاصل کیے، ٹیکنو کریٹ نشست پر افتخار گیلانی 26 ، علماء مشائخ نشست پر مظہر سعید نے بھی 26 ووٹ لیے۔

    پیپلزپارٹی کی فرزانہ یعقوب نے 7 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔

    سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق مریم زمان، مریم ادریس ، سحرش قمر کامیاب قرار پائیں، رفعت عابد اور زوبیہ خورشید کے ووٹ برابر ہونے پر قرعہ اندازی کی گئی جس میں پیپلز پارٹی کی زوبیہ خورشید کامیاب ہوئیں، ٹیکنو کریٹ پر مسلم لیگ (ن) کے افتخار گیلانی اور علماء مشائخ نشست پر بھی مسلم لیگ (ن) مظہر سعید کامیاب قرار دیئے گئے۔

    ٹیکنوکریٹس کی نشست پر پیپلزپارٹی کی طرف سے صاحبزادہ ذوالفقار علی جبکہ مسلم لیگ ن کی طرف سے بیرسٹر افتخار گیلانی آمنے سامنے تھے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق علماء مشائخ کی نشست کیلئے مسلم لیگ (ن) کی طرف سے مظہر سعید جبکہ پیپلزپارٹی سے حافظ طارق محمود مد مقابل تھے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق اوورسیز کشمیری کی نشست پر عبدالرحمان آرائیں بلا مقابلہ ممبر اسمبلی منتخب ہوئے، عبدالرحمان نے مسلم لیگ (ن) کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، عبدالرحمان آرائیں کے مقابلے میں پیپلزپارٹی کی طرف سے کوئی امیدوار سامنے نہیں آ سکا۔

    29 مناظر