
مریم نواز سے اوکاڑہ کے ارکان اسمبلی کی ملاقات
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور حلقوں کو درپیش عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر عاشق حسین شاہ، جاوید علاؤالدین ساجد، چوہدری افتخار حسین چھچھر، نور الامین وٹو، علی عباس، میاں یاور زمان، میاں محمد منیر اور غلام رضا شامل تھے۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں میں درپیش عوامی مسائل سے آگاہ کیا، جس پر مریم نواز شریف نے مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون اور اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
ارکان اسمبلی نے 41 اضلاع اور 2 تحصیلوں میں مربوط سیف سٹی نیٹ ورک قائم کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے اوکاڑہ جی ٹی روڈ سے بائی پاس سڑک کی تعمیر و بحالی اور شہریوں کے لیے الیکٹروبس سروس کے آغاز پر بھی وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
ارکان اسمبلی کے مطابق اوکاڑہ میں الیکٹروبسیں جنرل بس سٹینڈ سے اختر آباد، کرمانوالہ، اڈہ کسان اور اوکاڑہ یونیورسٹی تک چل رہی ہیں، جبکہ طلبہ، خواتین اور بزرگوں کے لیے مفت سفری سہولت قابل تحسین ہے۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے اور پولیس کی مؤثر کارروائیوں کے باعث پنجاب میں جرائم کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب بہتر سے بہترین کی جانب بڑھ رہا ہے۔
ارکان اسمبلی نے الیکٹروبس، اپنی چھت اپنا گھر اور کسان کارڈ جیسے منصوبوں کو عوام میں مقبول قرار دیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کو عوام سے بھرپور رابطے رکھنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں عوامی منصوبوں کی تکمیل کے لیے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کام کرنا چاہتے ہیں، پہلی بار صوبے کے تمام شہروں اور دیہات کو یکساں طور پر ستھرا پنجاب پروگرام کے ذریعے صاف کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے عوام کے معیار زندگی میں بہتری کی خبریں سن کر انہیں دلی اطمینان ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ پہلی بار لاہور اور پسماندہ شہروں کے درمیان فرق ختم کیا جا رہا ہے اور ہر شہر اور ہر گاؤں میں الیکٹروبسیں چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
18 مناظر