Site icon Meritnews

یمنی حوثیوں کا سعودی عرب سے جارحیت روکنے اور ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ

یمن کے ایران نواز حوثی گروہ نے سعودی عرب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جارحیت روکنے، ناکہ بندی ختم کرنے اور یمن میں تمام غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کا جرات مندانہ اور دانشمندانہ فیصلہ کرے۔
حوثیوں کی جانب سے یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حوثی جنگجوؤں نے ایک روز قبل سعودی مفادات پر مزید حملوں کا دعویٰ کیا تھا۔

حوثیوں کے زیرِ انتظام صبا نیوز ایجنسی کے مطابق حوثی گروہ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کی کوئی قیمت ادا نہیں کرنی پڑے گی اور اس کے دونوں ممالک کے لیے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے لیے زیادہ بہتر ہوگا کہ وہ یمن میں اپنی فوجی مداخلت جاری رکھنے کے بجائے امن کی راہ اختیار کرے، سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی یمن میں مداخلت کے نتیجے میں پہلے ہی سعودی عرب نقصان اٹھا چکا ہے اور خبردار کیا کہ ’مستقبل میں ہونے والے نقصانات اس سے کہیں زیادہ ہوں گے۔

اس بیان سے ایک روز قبل حوثی جنگجوؤں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے یمن کے سرکاری کنٹرول والے علاقوں میں ایک سعودی فوجی جہاز اور سعودی فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے، یہ حملے کشیدگی میں وسیع تر اضافے کا حصہ ہیں، جس کے تحت گروپ نے جولائی میں بحیرۂ احمر میں سعودی جہازوں کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔

Exit mobile version