• برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ سیدنا علی ہجویریؒ کے 983 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز

    برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ سید علی بن عثمان ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخشؒ کے 983 ویں عرس کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا، ملک بھر سے لاکھوں عقیدت مندوں کی دربار آمد کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
    تقریبات کا باقاعدہ آغاز مزار شریف پر رسم چادر پوشی سے ہوا ہے، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور مزار شریف پر چادر چڑھائی۔

    اس موقع پر ملک کی سلامتی، امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

    چادر پوشی کی تقریب میں صوبائی وزراء بلال یاسین، میاں مرغوب احمد اور مجتبیٰ شجاع الرحمان شریک ہوئے، وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی علی ڈار، سیکرٹری اوقاف احسان بھٹہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
    اس کے علاوہ ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان، ایڈمنسٹریٹر بادشاہی مسجد شاہد حمید ورک، ڈپٹی ڈائریکٹر اوقاف محمد یوسف، منیجر اوقاف حسن رضوان اور زاہد انور بٹ سمیت محکمہ اوقاف کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

    دربار داتا علی ہجویریؒ پر عبادات، دعاؤں اور روحانی محافل کا سلسلہ جاری ہے، عقیدت مندوں کی کثیر تعداد شریک ہے۔

    عرس تقریبات میں 5 ہزار سے زائد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، عرس تقریبات میں لاکھوں زائرین کی شرکت متوقع ہے۔

    تین روزہ عرس کے موقع پر ٹریفک روانی، طبی امداد اور صفائی کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، حاضری کیلئے آنے والے زائرین کے لئے وسیع پیمانے پر لنگر اور دودھ کی سبیل کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

    11 مناظر