• وزیراعلیٰ پنجاب کی امریکی اعلیٰ سطحی کاروباری وفد کو سرمایہ کاری کی دعوت

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے امریکی اعلیٰ سطحی کاروباری وفد کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امریکی اعلیٰ سطحی کاروباری وفد کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کے لیے زیرو ٹائم ٹو سٹارٹ پالیسی پر عمل پیرا ہے، جس کے تحت کاروبار کے آغاز میں بیوروکریٹک رکاوٹیں کم سے کم رکھی جائیں گی اور سرمایہ کار آپریشنز فوری شروع کر سکیں گے۔

    لاہور میں امریکی وفد سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ امریکہ طویل عرصے سے پاکستان کا اہم اقتصادی شراکت دار رہا ہے، جبکہ پنجاب میں امریکی سرمایہ کاروں کی موجودگی باہمی اعتماد کی بحالی کی علامت ہے، انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کے اگلے مرحلے کو سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، صحت، معدنیات، توانائی اور نجی شعبے کے تعاون کے ذریعے مضبوط بنایا جانا چاہیے۔

    مریم نواز نے کہا کہ پنجاب پاکستان کی معیشت کا سب سے بڑا محرک ہے، جو قومی جی ڈی پی میں 55.7 فیصد، زراعت میں 57.5 فیصد، مینوفیکچرنگ میں 48 فیصد اور سروسز میں 57.4 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 13 کروڑ آبادی، نوجوان افرادی قوت، 20 اسپیشل اکنامک زونز، دو ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اور جدید آئی ٹی ایکو سسٹم پنجاب کو سرمایہ کاری کے لیے منفرد مقام بناتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جہاں آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی قائم کی گئی ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت، 10 سالہ انکم ٹیکس چھوٹ، سبسڈائزڈ لیز ریٹس، صنعتی زمین کی فراہمی اور دیگر مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہدف 15 سے زائد ریگولیٹری اداروں کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لانا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کے اخراجات اور وقت میں نمایاں کمی آئے۔

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ، نواز شریف میڈیکل سٹی، ایگرو پروسیسنگ پارکس، الیکٹرک موبلٹی، ویسٹ مینجمنٹ، ہاؤسنگ، سیاحت، آئی ٹی اور معدنیات سمیت متعدد بڑے منصوبے سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں، انہوں نے بتایا کہ آئندہ تین برسوں میں 7.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متحرک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں 3.9 ارب ڈالر سرکاری اور 3.2 ارب ڈالر نجی شعبے کی سرمایہ کاری شامل ہوگی۔

    مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں چنیوٹ کے خام لوہے اور تانبے کے ذخائر، پنک سالٹ، پلیسر گولڈ اور دیگر معدنی وسائل عالمی سرمایہ کاروں کے لیے بڑے مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ نواز شریف آئی ٹی سٹی، پنجاب اسٹارٹ اپ فنڈ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے منصوبے مستقبل کی معیشت کی بنیاد بنیں گے۔

    انہوں نے امریکی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر منصوبے پر تیز رفتار عمل درآمد اور مکمل سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ان کا کہنا تھا، پنجاب میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کل نہیں، آج کریں اور کاروبار فوری شروع کریں۔

    18 مناظر