صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں 2030 تک ہیپاٹائٹس سی کو عوامی صحت کیلئے خطرہ بننے سے ختم کرنے کے قومی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہیپاٹائٹس ایک قابلِ علاج اور قابلِ روک تھام بیماری ہے، تاہم بروقت تشخیص اور علاج انتہائی ضروری ہے، پاکستان دنیا میں ہیپاٹائٹس سی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے، اس لیے اس بیماری کے خاتمے کیلئے اجتماعی عزم اور مسلسل عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر محفوظ طبی اور تجارتی طریقوں کے خلاف مؤثر قانون کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ عوامی آگاہی اور احتیاطی تدابیر ہیپاٹائٹس کے خاتمے کی بنیاد ہیں، وزیراعظم کے قومی پروگرام کے تحت ہیپاٹائٹس سی کی مفت سکریننگ، تشخیص اور علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور محدود وسائل کے باوجود حکومت اس قومی مشن کی تکمیل کیلئے پرعزم ہے۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے عزم کی تجدید کر رہا ہے، ملک کئی دہائیوں سے ہیپاٹائٹس سی جیسے سنگین عوامی صحت کے چیلنج کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے معیاری سکریننگ، تشخیص اور علاج تک ہر شہری کی مساوی رسائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے 2025 میں وزیراعظم قومی پروگرام برائے انسداد ہیپاٹائٹس سی شروع کیا، جس کے تحت لاکھوں پاکستانیوں کو مفت سکریننگ، تصدیقی ٹیسٹ اور مؤثر علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے غیر معیاری سرنجوں کی تیاری، تقسیم اور دوبارہ استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جا چکی ہے، جبکہ ہسپتالوں اور طبی مراکز میں انفیکشن سے بچاؤ کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد اور غفلت برتنے والوں کے خلاف مؤثر احتساب کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عوام پر زور دیا کہ وہ بروقت ہیپاٹائٹس سی کی سکریننگ کرائیں، اپنے اہلِ خانہ، دوستوں اور ساتھیوں کو بھی ٹیسٹ کرانے کی ترغیب دیں اور محفوظ طبی و حفظانِ صحت کے اصول اپنائیں، کیونکہ جلد تشخیص اور فوری علاج سے قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے ڈاکٹروں، نرسوں، لیبارٹری ماہرین اور فرنٹ لائن طبی عملے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی اتحاد، سائنسی ترقی، عوامی تعاون اور مسلسل کوششوں سے پاکستان 2030 تک ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا قومی اور عالمی ہدف حاصل کر سکتا ہے۔
