• لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، نشیبی علاقوں میں پانی جمع

    لاہور سمیت مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہا، مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی کہیں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔
    صوبائی دارالحکومت لاہور میں علی الصبح سوا 4 بجے شروع ہونے والی بارش تاحال شہر کے مختلف علاقوں میں جاری ہے، ایئرپورٹ پر بارش نے ملی میٹر میں ڈبل سنچری مکمل کر لی۔

    ایئرپورٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ 212 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جیل روڈ 12.2، ایئرپورٹ 212، ہیڈ آفس گلبرگ 40، لکشمی چوک 16.5، اپر مال 104 کی گئی، مغلپورہ 117، تاجپورہ 123، نشتر ٹاؤن 32.8، چوک ناخدا 48، پانی والا تالاب 21، فرخ آباد 20 ریکارڈ کی گئی۔

    اس کے علاوہ گلشن راوی 11.5، اقبال ٹاؤن 47.4، سمن آباد 22، جوہر ٹاؤن 57، ڈیفنس روڈ 40، شادی پورہ 120، سگیاں 16، کاہنہ 119 اور مناواں 89، ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    دوسری جانب قصور، گوجرانوالو، وزیر آباد، گجرات، نارووال، شکر گڑھ، مریدکے، کامونکے، حافظ آباد، جلالپور جٹاں اور دیگر شہروں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، کئی روز سے جاری شدید گرمی اور حبس کا زور بھی ٹوٹ گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

    موسم کا احوال بتانے والوں کی جانب سے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بھی مزید بارش کی پیش گوئی کر دی گئی جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا، بارش کے دوران شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی گئی، موٹر سائیکل سواروں اور ڈرائیورز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سڑکوں پر جمع پانی سے گزرتے وقت انتہائی احتیاط برتیں۔

    ماہرین کے مطابق بارش کے دوران کھڑے پانی میں بجلی کے کرنٹ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اس لئے بجلی کی تاروں، کھمبوں اور ٹرانسفارمرز کے قریب جانے سے اجتناب کیا جائے۔

    انتظامیہ نے بھی شہریوں سے اپیل کی کہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

    c

    7 مناظر