Site icon Meritnews

بلوچستان:سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 10 دہشتگرد ہلاک، 2 خواتین خودکش حملہ آور گرفتار

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ 2 خواتین خودکش حملہ آور گرفتار کر لی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں، جن کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشنز کئے جا رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ضلع سوراب اور ضلع مستونگ میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ ایریا سینیٹائزیشن اور ٹارگٹڈ آپریشنز کئے گئے، جن میں مجموعی طور پر 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

بیان کے مطابق ضلع سوراب میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔

اسی طرح ضلع مستونگ میں کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک کئے گئے، جبکہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی 2 خاتون خودکش حملہ آوروں اور ان کے ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کیا گیا، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ دو خودکش بمبار خواتین سمیت ان کے ایک سہولت کار کو گرفتار کیا۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی، دہشت گرد بلوچستان اور اس کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے دشمن ہیں، تاہم ریاست ان کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ اور سوراب میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو سراہتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کی تعریف کی۔

اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ مستونگ اور سوراب میں آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز خراجِ تحسین کی مستحق ہیں، بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان قوم کا فخر، ہمارے سر کا تاج اور حقیقی ہیرو ہیں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کا صفایا کرنے والے بہادر سپوتوں پر پوری قوم کو ناز ہے۔

محسن نقوی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی ہر ممکن حمایت جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود اور پوری قوم وطنِ عزیز کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے افواجِ پاکستان کے غیر متزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Exit mobile version