
امریکی فوج کے ایران پر تیسرے روز بھی فضائی حملے، کئی شہروں میں دھماکے
امریکہ نے ایران پر مسلسل تیسرے روز فضائی حملے شروع کر دیئے، بندر عباس، بوشہر، قشم ،کیش اورابو موسیٰ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر امریکی افواج نے مقامی وقت کے مطابق ایران کے خلاف مسلسل تیسرے روز فضائی حملوں کا آغاز کیا۔
سینٹ کام نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ یہ حملے ایرانی افواج پر بھاری قیمت عائد کرنے اور ان کی اس صلاحیت کو کمزور بنانے کے لئے کئے جا رہے ہیں جس کے ذریعے وہ آبنائے ہرمز میں شہریوں اور تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
امریکی فوج کے مطابق یہ کارروائیاں خطے میں بحری تجارت کے تحفظ اور ایران کی عسکری صلاحیت کو محدود کرنے کے مقصد سے جاری رہیں گی۔
بعد میں امریکی سینٹرل کمانڈ(سینٹکام) نے کہا ہے کہ امریکی افواج نے ایرانی فوجی اہداف پر نئے حملے مکمل کر لیے، ایران کے ساحلی دفاعی نظاموں، میزائل،ڈرون اور بحری تنصیبات کو نشانہ بنایا ۔
سینٹکام کے مطابق ایران میں بوشہر، چاہ بہار ، جسک، کونارک ، ابو موسیٰ اور بندر عباس کو نشانہ بنایا گیا، اس وقت 50 ہزار سے زائد امریکی فوجی مشرقِ وسطیٰ میں تعینات ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف تازہ فوجی کارروائیاں پانچ گھنٹے تک جاری رہیں، جن میں امریکی افواج نے ایران کے مختلف فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
27 مناظر