
ایران کے بحرین میں ففتھ فلیٹ، اماراتی ٹینکروں، امریکی بحری جہاز، اردن پر حملے
ایران نے امریکی حملوں کے جواب میں بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ، اماراتی ٹینکروں اور امریکی جہاز کو نشانہ بنایا ہے۔
ایران نے کہا ہے کہ اس کی بحریہ نے امریکی دشمن کے بحری جہاز کو کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نے فوجی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب امریکا نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی شروع کرے گا۔
خطے میں خلیجی عرب ممالک سمیت مختلف مقامات پر بھی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
اردن کی فوج نے کہا ہے کہ ایرانی میزائل اردنی فضائی حدود میں داخل ہوئے، دفاعی نظام نے 4 میزائلوں کو ناکارہ بنایا، میزائل حملوں میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
اردنی میڈیا کے مطابق مختلف مقامات پر میزائلوں کے ٹکڑے گرے، ملبہ ہٹانے کے لیے رائل انجینئرنگ کور تعینات کر دی گئی۔
پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ بحرین میں تعینات امریکی ففتھ فلیٹ پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا ہے، حملے میں فوجی اڈے پر موجود ایندھن کے ذخائر کو آگ لگ گئی۔
یہ بھی بتایا گیا کہ امریکی ریڈار سسٹمز بشمول پیٹریاٹ سسٹم اور کنٹرول سینٹر کو بھی تباہ کر دیا گیا، حملے ایران کی جاری جوابی فوجی مہم کا حصہ ہے، ایران کی جوابی کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی۔
پاسداران انقلاب نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز میں خلاف ورزی کرنے والے دو ٹینکرز‘ کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیا گیا، ان ٹینکرز نے وارننگ کو نظر انداز کیا، نیویگیشن سسٹمز بند کر کے بارودی سرنگوں والے راستے سے گزرنے کی کوشش کی۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے آبنائے ہرمز میں جارح دشمن کے ساتھ تعاون آبنائے ہرمز کے دوبارہ کھلنے میں تاخیر کا باعث بنے گا اور عالمی توانائی بحران پیدا کرے گا۔
متحدہ عرب امارات نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران نے خلیج فارس میں دو بحری جہازوں پر حملہ کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا کہ دو آئل ٹینکر، مومباسا اور باہیا، آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے میں اور عمان کی علاقائی سمندری حدود میں ایران کے دو کروز میزائلوں کا نشانہ بنے ہیں۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان کے مطابق حملے کے نتیجے میں آئل ٹینکر مومباسا کے عملے کا ایک رکن، جو انڈین شہری تھا، ہلاک ہو گیا جبکہ مزید آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
زخمی ہونے والے چھ افراد کا تعلق انڈیا اور دو کا یوکرین سے ہے۔
31 مناظر