اسرائیل کے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ملک نے مبینہ طور پر اسرائیل کو تباہ کرنے کے منصوبے کی قیادت کرنے پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو نشانہ بنایا تھا۔
اسرائیل کاٹز نے ایک بار پھر خبردار کیا کہ جو بھی ایرانی رہنما ایسے اقدامات کو فروغ دے گا، اسے ختم کر دیا جائے گا، اسرائیل ہر وقت اور ہر قسم کے خطرے کے خلاف اپنے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی ٹی وی چینل 13 نے رپورٹ کیا ہے کہ کاٹز نے یہ بیان تہران میں جاری جنازے کے جلوس کے ردِعمل میں دیا۔
اس سے قبل اسرائیل کاٹز نے یہ بھی کہا تھا کہ آیت اللّٰہ علی خامنہای کے بیٹے اور ممکنہ جانشین مجتبیٰ خامنہ ای نشانے پر ہیں، جس پر تہران کی جانب سے شدید احتجاج سامنے آیا تھا۔
مذکورہ بیان پر ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تل ابیب میں اپنے پٹھوؤں کو قابو میں رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ اگر اسرائیل نے اپنے مالک کی بات نظر انداز کی تو ایران اسرائیل کو سبق سکھائے گا۔
