Site icon Meritnews

خاتون کو اغوا سے بچاتے ہوئے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم شہید

وفاقی دارالحکومت میں خاتون کو مبینہ اغوا کی کوشش سے بچاتے ہوئے پاک فضائیہ کے بہادر افسر گروپ کیپٹن عاصم شہید ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم نائنتھ ایونیو سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے ایک موٹرسائیکل کے قریب ایک خاتون کو مزاحمت کرتے دیکھا، جہاں مبینہ طور پر موٹرسائیکل سوار خاتون کا ہاتھ کھینچ رہا تھا۔

گروپ کیپٹن عاصم ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے فوراً واپس مڑے اور موٹرسائیکل کے قریب اپنی گاڑی روک دی، اس دوران خاتون بھاگ کر ان کی گاڑی کی دوسری جانب آگئی، اسی اثنا میں مبینہ ملزم سعد نے گروپ کیپٹن عاصم کے ساتھ تلخ کلامی شروع کر دی اور چند لمحوں بعد ان پر فائرنگ کر دی۔

گروپ کیپٹن عاصم شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق خاتون کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم اس کا دفتر میں ساتھی (کولیگ) تھا، جس نے اسے کام پر ساتھ لے جانے کی پیشکش کی تھی۔

تاہم راستے میں اس نے اپنا راستہ تبدیل کر لیا اور خاتون کو کسی اور مقام پر لے جانے کی کوشش کی، جس پر خاتون نے مزاحمت کی۔ اسی دوران گروپ کیپٹن عاصم نے مداخلت کی، جس کے نتیجے میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔

Exit mobile version