
عوام پر رعب جھاڑنے والوں کی پیرا فورس میں کوئی جگہ نہیں: مریم نواز
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کی کارکردگی سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں پیرا کی کارکردگی، ڈیجیٹلائزیشن، قانونی فریم ورک اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ ہوئی۔
وزیراعلیٰ نے پیرا فورس کی تمام کارروائیوں کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل ریکوزیشن لازمی قرار دیتے ہوئے عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے “Ask PERA” پورٹل کو مزید فعال بنانے اور ڈی جی پیرا کو براہِ راست عوامی رابطہ بڑھانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پیرا فورس میں ’’اوئے سامان اٹھاؤ، نکلو‘‘ کا مغرور کلچر بلکل نہیں چلے گا، پیرا کا عدالتی محاذ پر 99 فیصد کنویکشن ریٹ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، عوام پر رعب جھاڑنے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے اہلکاروں کی پیرا میں کوئی جگہ نہیں، بد سے بدنام بہت برا ہوتا ہے، پیرا کی گڈ ول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دیگر محکموں سے آئے 351 ملازمین کو محکمانہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر واپس ان کے محکموں میں بھیج دیا گیا ہے، پیرا کا چالان سسٹم مکمل طور پر الیکٹرانک کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈیجیٹل شواہد اور کارروائی کا تمام ریکارڈ محفوظ کیا جا رہا ہے۔
بریفنگ کے مطابق پیرا فورس اب تک 62 ہزار سے زائد ڈیجیٹل ریکوزیشنز پر کارروائیاں کر چکی ہے، جبکہ صوبہ بھر میں 15 لاکھ 27 ہزار 28 انسپکشنز مکمل کی جا چکی ہیں، ان کارروائیوں کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر 3 ہزار 509 دکانیں سیل کی گئیں، جبکہ اینٹی انکروچمنٹ مہم کے تحت 21 ہزار کنال سے زائد سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔
حکام نے بتایا کہ قیمتوں میں خودساختہ اضافے اور تجاوزات کے خلاف کارروائیوں میں اب تک 1700 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور تمام کارروائیوں کا منظم ڈیجیٹل ریکارڈ محفوظ کیا گیا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ عدالتی محاذ پر پیرا نے 136 رٹ پٹیشنز میں سے 99 فیصد مقدمات میں کامیابی حاصل کی، جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹس اور ہیئرنگ افسران کے سامنے بھی 98 فیصد کیسز میں ادارے کے حق میں فیصلے آئے۔ پیرا کا چالان مکمل کرنے کا تناسب 97 فیصد تک پہنچ چکا ہے اور پیرا ایکٹ کے تحت مینوئل چالان پر پہلی ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اینٹی انکروچمنٹ اور پرائس کنٹرول کے علاوہ ہر ایکشن کے لیے پیشگی ڈیجیٹل ریکوزیشن لازمی ہے، قانونی کارروائی کے دوران مزاحمت کا کلچر ختم ہونا چاہیے، قانون کی بالادستی قائم ہوگی-
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ انویسٹی گیشن افسر کا تبادلہ اب کسی کی سفارش پر نہیں ہو گا، پیرا فورس کو مزید مہذب اور ڈسپلن بنانے کے لیے کلر کہار میں ٹریننگ اکیڈمی پر کام شروع ہے، جبکہ جون 2027 تک مستقل بھرتیوں کا عمل مکمل کرنے اور شفافیت کے لیے انٹرنل افیئرز یونٹ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پیرا مجموعی طور پر شاندار کام کر رہی ہے، تاہم ادارے کی عوامی پیشکش اور کمیونیکیشن کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
29 مناظر