• واقعہ کربلا انسانیت کے لئے انصاف کی راہ پر چلنے کی تحریک ہے: مریم

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا انسانیت کے لئے انصاف کی راہ پر چلنے کی تحریک ہے، سانحہ کربلا نے اسلامی تہذیب کے اخلاقی ضمیر کو نئی زندگی دی۔
    یوم عاشور پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شہدائے کربلا کی عظیم الشان قربانیوں اور حضرت بی بی زینبؓ کے صبر و حوصلے کو سلام پیش کیا۔

    انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلاؓ اور اہل بیتؓ سے محبت ہر مسلمان کے عقیدے کا نہ صرف حصہ ہے بلکہ رگ رگ میں دوڑتی ہے، سانحہ کربلا نے اسلامی تہذیب کے اخلاقی ضمیر کو نئی زندگی دی، جگر گوشہ بتول حضرت امام حسینؓ کی قربانی اور شہادت، اسلام اور اسلامی اقدار کی بقا کے لئے تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ واقعہ کربلا انسانیت کے لئے انصاف کی راہ پر چلنے کی تحریک ہے، حضرت امام حسینؓ نے سیاسی اخلاقیات کا بہترین ابدی منشور پیش کیا، حضرت امام حسینؓ کا نام ہر مظلوم کے لئے جرات اور شجاعت کا استعارہ ہے۔

    مریم نوازشریف نے کہا کہ واقعہ کربلا عام جنگی داستان نہیں بلکہ روحانی استقامت کا روح پرور منظر نامہ ہے، آج ہمیں حضرت امام حسینؓ کی روشن تعلیمات کے مطابق عمل پیرا ہونے کا اعادہ کرنا ہے، حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی شہادت ہر دور میں مظلوم اور مجبور انسانوں کو درس عمل اور ولولہ شوق عطا کرتی رہے گی۔

    13 مناظر