
سی سی پی او لاہور کا امام بارگاہ پانڈو اسٹریٹ اورنویں محرم کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ
بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ پنجاب
لاہور، فون نمبر:99201390
فرحان شیخ/عباس
ہینڈ آؤٹ نمبر2212
نویں محرم کے جلوس و مجالس، سکیورٹی کا فول پروف پلان نافذ، پولیس ہائی الرٹ رہی
سی سی پی او لاہور کا امام بارگاہ پانڈو اسٹریٹ اورنویں محرم کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ، ڈی آئی جی آپریشنز کی بریفنگ
کنٹرول رومز سے لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ جاری، جلوسوں کے اختتام تک سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ بلال صدیق کمیانہ
لاہور25جون:…… کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے نویں محرم الحرام کے موقع پرامام بارگاہ پانڈو اسٹریٹ،اسلام پورہ اور مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور مجالس کے مقامات پر سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی (آپریشنز) فیصل کامران نے انہیں سکیورٹی امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پرایس ایس پی (آپریشنز) توقیر محمد نعیم، ایس پی (سکیورٹی) ڈاکٹر محمد عمر اور ایس پی (سٹی) عاطف امیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور نے کہا کہ نویں محرم الحرام کے موقع پر لاہور پولیس پوری طرح الرٹ ہے، مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماتمی جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ بلال صدیق کمیانہ کا مزید کہنا تھا کہ جدید کنٹرول رومز کی مدد سے شہر بھر کے سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ جلوسوں کے روٹس اور ملحقہ عمارتوں سمیت تمام راستوں پر سکیورٹی عملہ پوری فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔
سی سی پی اولاہور نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں قیامِ امن اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مجالس اور جلوسوں کے پرامن اختتام تک سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا۔
