
مریم نواز کی زیر صدارت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اجلاس
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراجلاس میں اہم منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا، نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ اور جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ کو ہیلتھ کیئر سروس ڈلیوری اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا 15 جولائی کو افتتاح کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ اس موقع پر ادارے کی ایک مختصر ویڈیو بھی پیش کی گئی جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ٹیم اور آئی ڈی اے پی (IDAP) کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے ہسپتال کے تعمیراتی معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے سعودی عرب کا کوئی بڑا ہسپتال ہو۔‘‘
اجلاس کو بتایا گیا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے پیکیج اے اور بی 31 جولائی تک مکمل ہو جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے عندیہ دیا کہ کینسر ہسپتال کا افتتاح 31 جولائی 2026 کو کیا جائے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کا افتتاح 15 اگست کو کیا جائے گا جبکہ ادارے میں بھرتیوں کا عمل 10 جولائی تک مکمل کر لیا جائے گا۔
اجلاس میں ڈائیسپورا ڈاکٹر لوکم پروگرام (DDLP) کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی جس کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے باقاعدہ منظوری دے دی۔ پروگرام کے تحت پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مختصر مدت کی خدمات کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانی اور غیر ملکی ماہر ڈاکٹرز کو شامل کیا جائے گا۔ تجربہ کار اور اچھی شہرت کے حامل سپیشلسٹ ڈاکٹرز کو پنجاب لا کر صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے DDLP کے تحت آنے والے ڈاکٹرز کو بہتر معاوضہ دینے کا فیصلہ بھی کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت بیرون ملک سے آنے والے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کو آٹھ اقسام کی جدید سرجریوں کی اجازت ہوگی۔ پروگرام کے لیے پنجاب کے 12 ہسپتال منتخب کیے گئے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق بیرون ملک پاکستانی اور فارن نیشنل سپیشلسٹ ڈاکٹرز DDLP کے لیے اہل ہوں گے۔ پروگرام میں شمولیت کے لیے ڈاکٹر کا پوسٹ گریجویٹ ہونا، کم از کم تین سال کا بیرون ملک فیلوشپ تجربہ اور فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پروگرام کے تحت آنے والے ڈاکٹرز کے لیے پنجاب میں کم از کم 15 دن خدمات انجام دینا ضروری ہوگا۔
وزیراعلیٰ کو DDLP ڈیش بورڈ بھی پیش کیا گیا جسے جلد از جلد لائیو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروگرام کے لیے ایک آپریشنل ویب پورٹل قائم کیا جائے گا جہاں آن لائن رجسٹریشن، کریڈنشلز، کمٹمنٹ، تصدیق، ادائیگی، رپورٹنگ اور تعیناتی سے متعلق تمام معلومات دستیاب ہوں گی۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ بیرون ملک سے آنے والے ڈاکٹرز پنجاب کے مقامی طبی عملے کو تربیت بھی فراہم کریں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نرسنگ سیکٹر کے لیے بھی DDLP طرز پر نیا پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور نرسز کو بہترین پیکج دیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہسپتالوں کے ڈائریکٹرز انتہائی مؤثر اور باصلاحیت ہونے چاہئیں، نرسنگ کیئر ہر چیز بدل دیتی ہے، نواز شریف کینسر ہسپتال میں جو بہترین تربیت یافتہ ڈاکٹر یا نرس آنا چاہتا ہے وہ خوش آمدید ہے، جبکہ پنجاب میں بہترین انسانی وسائل لانا ان کا مشن ہے۔
33 مناظر