• لوئردیر میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

    لوئر دیر کے علاقے برچڑئی تالاش میں پولیس اور خوارج کے مابین جھڑپ کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
    پولیس کے مطابق برچڑی پہاڑی میں دہشت گردوں کے خلاف ڈسٹرکٹ پولیس، ایلیٹ فورس اور سی ٹی ڈی نے آپریشن کیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد پولیس چیک پوسٹ پر حملے اور پولیس اہلکار کو قتل کرنے سمیت دیگر کئی وارداتوں میں ملوث تھے، ہلاک دہشت گردوں میں خلیل الرحمان، نعیم الدین کفایت اللہ شامل ہیں۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے 6 کلاشنکوف، 3 دستی بم برآمد ہوئے ہیں، فرار ساتھیوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے۔

    آئی جی کا کہنا تھا کہ صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لوئر دیر کے علاقے میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا اور پولیس کی ستائش کی۔

    انہوں نے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سی ٹی ڈی اور پولیس کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔

    محسن نقوی نے کہا کہ سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا اور پولیس کے بہادر سپوتوں نے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، قوم کو سی ٹی ڈی اور پولیس کے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔

    15 مناظر