صدر آصف علی زرداری اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کی جانب سے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا اور خطے میں پائیدار امن کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے امن اور مکالمے کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔
ملاقات میں اقتصادی تعاون، رابطہ کاری اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
صدر زرداری نے اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کا خیرمقدم کرتے ہوئے مستقل امن کی امید ظاہر کی، انہوں نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
ایرانی صدر نے حالیہ مشکل حالات میں پاکستان کی حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ صدر زرداری نے مسلم اُمہ کے اتحاد اور خلیجی ممالک سے مضبوط تعلقات برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا
