• پاکستان کا 30 ایرانی شہریوں کی واپسی میں سہولت فراہم کرنے کا اعلان

    نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 30 ایرانی شہریوں کی واپسی میں سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں لکھا کہ پاکستان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 30 ایرانی شہریوں کی وطن واپسی میں سہولت فراہم کر رہا ہے، جن میں سمندر سے ریسکیو کئے گئے ماہی گیر اور مختلف کارروائیوں میں شامل عملے کے ارکان شامل ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ان افراد میں 8 ایرانی ماہی گیر شامل ہیں جنہیں برطانوی جہاز ’MMA Valour‘ نے اس وقت سمندر سے بچایا جب ان کی کشتی راستہ بھٹکنے کے بعد حادثے کا شکار ہوئی، اس کے علاوہ 22 ایرانی عملے کے ارکان بھی اس گروپ کا حصہ ہیں جو جہاز ’Lenore/Davina‘ پر موجود تھے اور حال ہی میں امریکی حکام کی کارروائی کے دوران تحویل میں لیے گئے تھے۔

    اسحاق ڈار کے مطابق یہ تمام افراد آئندہ چند روز میں کراچی کے راستے اپنے وطن روانہ کئے جائیں گے۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اس عمل کے دوران ایران، امریکا اور برطانیہ کے متعلقہ حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ تمام افراد کی محفوظ اور بروقت واپسی یقینی بنائی جا سکے۔

    نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان انسانی ہمدردی کے اصولوں پر یقین رکھتا ہے اور علاقائی و بین الاقوامی تعاون کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

    17 مناظر