• پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ مردان میں گر کر تباہ، دو پائلٹ شہید

    پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کی مشق کے دوران مردان کے قریب گر کر تباہ ہو گیا اور طیارے میں موجود دونوں پائلٹ شہید ہو گئے۔
    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کی مشق کر رہا تھا، حادثے میں پاک فضائیہ کے پائلٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور پاک بحریہ کے لیفٹیننٹ طحہ عباسی شہید ہوئے۔

    ایئرہیڈکوارٹرز کی جانب سے بنائے گئے بورڈ نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، مسلح افواج کے سربراہان و افسران نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افسوسناک واقعہ میں پاک فضائیہ کے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور پاک بحریہ کے لیفٹیننٹ طحہ عباسی کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہارکیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں شہید ہونے والے جوانوں کی بلندی درجات کے لیے دعا گو ہوں، اللہ لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبر جمیل عطا فرمائے، پاک افواج کی دفاع وطن کے لئے پیشہ ورانہ مہارت بے مثال ہے۔

    وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جام شہادت نوش کرنے والے پائلٹ کیپٹن قاسم اور کیپٹن طلحہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

    محسن نقوی نے کہا کہ پائلٹس کیپٹن قاسم اور کیپٹن طلحہ نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا، ہماری تمام تر ہمدردیاں دونوں شہید پائلٹس کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاک فضائیہ کے تربیتی طیارہ کے حادثے پر اظہار افسوس کیا، جام شہادت نوش کرنے والے دونوں پائلٹس کیپٹن قاسم اور کیپٹن طحہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    19 مناظر