• ایران کا امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، سینٹ کام کا ’جوابی کارروائی‘ ختم کرنے کا اعلان

    ایران نے امریکا کے حملوں کے بعد بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ حملے میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میرائل استعمال کئے گئے۔
    پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ بحرین، کویت، اردن سمیت خطے میں بعض امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے، کارروائی جنوبی ایران میں امریکی جارحیت کے جواب میں کی گئی۔

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق امریکی حملوں کے جواب میں بحرین میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ پر ڈرون حملہ کیا گیا، اردن میں امریکی الازرق فوجی اڈے پر میزائل سے اٹیک کیا، الازرق اڈے پر 4 اہداف کو نشانہ بنایا، ایف 35 ہینگرز اور کمانڈر اینڈ کنٹرول سینٹر شامل ہیں۔

    پاسداران انقلاب نے کہا کہ حملے میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میرائل استعمال کئے گئے۔

    اس کے علاوہ کویت میں واقع علی السالم فوجی اڈے پر بھی ڈرون حملے کا دعویٰ کیا گیا ہے، ادھر کویتی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس کا فضائی دفاعی نظام دشمن کے حملوں کو ناکام بنانے میں مصروف ہے اور ملکی فضائی حدود کی نگرانی جاری ہے۔

    ایرانی پاسداران کا مزید کہنا تھا کہ امریکی حملوں سے سیریک میں ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو نقصان پہنچا، حملوں میں 2 واٹر ٹینک بھی تباہ ہوئے، امریکی جارحیت برقرار رہی تو مزید سخت جواب دیا جائے گا۔

    سینٹ کام کا 20 اہداف پر حملوں کے بعد ’جوابی کارروائی‘ ختم کرنے کا اعلان

    دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کے خلاف جوابی حملوں کا سلسلہ مکمل کر لیا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا تھا کہ اس کی افواج نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر تہران پر حملے اپنے دفاع میں کئے۔

    جنوبی ایران میں بدھ کی صبح فضائی حملوں کے بارے میں فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے امریکی حکام نے کہا کہ دیگر مقامات کے علاوہ حملوں میں ’20 اہداف‘ کو نشانہ بنایا گیا، جو بظاہر مختصر وقفوں پر 3 لہروں میں کیے گئے تھے۔

    ایران نے تصدیق کی ہے کہ ملک کے جنوبی شہروں جیسا کہ جسک اور بندر عباس کے آس پاس، مناب، سرک اور کوہ مبارک کے دیہاتوں کو نشانہ بنایا گیا، لیکن اس نے ابھی تک ان تنصیبات یا مقامات کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں جن پر حملہ کیا گیا ہے۔

    تاہم ہرمزگان میں مقامی حکام نے اطلاع دی ہے کہ سرک کے دیہات میں پانی کے دو ذرائع کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    ہرمزگان پراونشل واٹر اینڈ ویسٹ واٹر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا ہے کہ آج صبح امریکی حملوں کے بعد ’سرک کاؤنٹی میں پانی کی تقسیم کا اہم انفراسٹرکچر‘ تباہ ہوگیا ہے۔

    واضح رہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال ایک بار پھر انتہائی حساس ہوگئی ہے، جبکہ عالمی برادری فریقین سے تحمل اور مزید تصادم سے گریز کی اپیل کر رہی ہے۔

    31 مناظر