• موسمیاتی تبدیلی صحت، معیشت اور خوراک کے لیے بڑا خطرہ ہے: صدر و وزیراعظم

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی صحت، معیشت اور خوراک کے لیے بڑا خطرہ ہے۔
    صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ ماحولیات پر عالمی و قومی سطح پر ماحولیاتی تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کم اخراج کے باوجود کلائمیٹ رسک ممالک میں سرفہرست ہے، گلیشیئرز کے پگھلنے، سیلاب اور گرمی کی لہروں پر تشویش ہے۔

    صدر زرداری نے کہا کہ پانی کے مؤثر استعمال اور فضلہ میں کمی کی فوری ضرورت ہے، جنگلات کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کے فروغ کی ضرورت ہے، قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو تیز کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں، میڈیا اور سول سوسائٹی کو کردار ادا کرنا چاہئے، ماحولیاتی تحفظ کو قومی پالیسی کا بنیادی ستون بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان بین الاقوامی تعاون اور کلائمیٹ ایکشن کے لیے پرعزم ہے، آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ اور پائیدار ماحول کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ماحول کے تحفظ کے لیے عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔

    عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ماحول کا تحفظ مشترکہ عالمی ذمہ داری ہے اور انسانیت کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط عالمی اقدامات ناگزیر ہیں، سیلاب، خشک سالی اور گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلنا موسمیاتی تبدیلی کی تلخ حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، ماحولیاتی تنزلی کے باعث ملک کو انسانی اور معاشی سطح پر بھاری نقصانات کا سامنا ہے۔ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے انفرادی، حکومتی اور عالمی سطح پر مضبوط عزم اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

    وزیراعظم نے عوام پر زور دیا کہ وہ ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کے عزم کی تجدید کریں اور سب مل کر سرسبز، ماحول دوست اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ماحول کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    17 مناظر